توبہ قبول کرنے والا
توبہ جس کا قبول کرنا اللہ کے ذمّے ہے وہ تو بس انہی لوگوں کے لیۓ ہے جو نادانی کی وجہ سے کوئی بری حرکت کر بیٹھتے ہیں اور اس کے بعد جلد ہی توبہ کر لیتے ہیں ۔ تو ایسے توبہ کرنے والوں پر اللہ اپنی رحمت فرماتا ہے اور اللہ ساری باتوں کی خبر رکھنے والا اور حکیم و دانا ہے ۔
سورۃ النساء (4) ۔ آیت 17
پیٹ میں آگ بھرنے والے لوگ
لوگوں کو اس بات کا خیال کرکے ڈرنا چاہیے کہ اگر وہ (مرتے وقت) اپنے پیچھے چھوٹے بچے چھوڑ جائیں تو انہیں اپنے بچوں کے حق میں کیسے اندیشے لاحق ہوتے ۔ بس ان لوگوں کو چاہیے کہ وہ اللہ سے ڈریں اور سچی اور صحیح بات کریں ۔ جو لوگ ظلم کے ساتھ یتیموں کے مال ناحق کھا لیتے ہیں ، درحقیقت وہ اپنے پیٹ میں آگ ہی بھرتے ہیں اور وہ عنقریب جہنم کی بھڑکتی ہوئی آگ میں ڈالے جائیں گے ۔
سورۃ النساء(4)۔ آیات 9،10
قلم کی قسم
نون، قسم ہے قلم کی اور اس کی جسے (لکھنے والے) لکھتے ہیں
سورۃالقلم آیت 1
یتیم کا مال
(اے لوگو) یتیموں کے مال (نہایت اچھے طریقے سے ) ان کو واپس پہنچا دو ، (ان کے ) اچھے مال کو (اپنے) برے مال سے تبدیل مت کرو اور ان کے مال اپنے مال کے ساتھ ملا کر نہ کھایا کرو، بے شک یہ بہت بڑا گناہ ہے ۔
سورۃالنساء(4)۔ آیت 2
اللہ کے مہمان
اس کے برعکس جو لوگ اپنے رب سے ڈرتے رہتے ہیں ،ان کے لیۓ ایسے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، ان باغوں میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے ، یہ اللہ کی طرف سے ان کی مہمانی ہو گی اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے نیک لوگوں کے لیۓ وہی سب سے بہتر ہے ۔
سورہ آل عمران( 3)۔ آیت 198
نماز اور زکوۃ
مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں یہ سب ایک دوسرے کے رفیق ہیں، (یہ آپس میں) نیک باتوں کی تعلیم دیتے ہیں اور بری باتوں سے روکتے ہیں ۔ نماز کی پابندی رکھتے ہیں اور زکوۃ دیتے رہتے ہیں اور اللہ اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) کی اطاعت کرتے ہیں ۔ یہ وہ لوگ ہیں جن پر اللہ ضرور رحمت نازل کرے گا ۔ بے شک اللہ بڑا اختیار والا ہے ۔ بڑا حکمت والا ہے ۔
سورۃ التوبہ (9) - آیت 71
اعمال كا وزن
اور اس دن (اعمال کا) تولنا برحق ہے، پھر جن (کے اعمال) کا پلڑا بھاری ہو گا پس وہی فلاح پائیں گے - اور جن کاپلڑا ہلکا ہو گا وہ لوگ ہماری آیات سے زیادتی کے سبب خود گھاٹے میں رہے
سورۂ الاعراف (7) ۔ آیات 8،9