• صارفین کی تعداد :
  • 1198
  • 9/18/2017
  • تاريخ :

آقائے اختری: مغربی ممالک میں دینداری زیادہ قابل قدر ہے، یورپ کے شیعہ امام زمانہ(عج) کے قیام کے علمبردار ہوں گے

 

آقائے اختری: مغربی ممالک میں دینداری زیادہ قابل قدر ہے/ یورپ کے شیعہ امام زمانہ(عج) کے قیام کے علمبردار ہوں گے

 

لندن کے موسسہ لبیک یا زھرا(س) کے اراکین کے ایک گروہ کہ جو زیارت کی غرض سے ایران آئے ہوئے ہیں ،نے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری سے تہران میں ملاقات کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لندن کے موسسہ لبیک یا زھرا(س) کے اراکین کے ایک گروہ کہ جو زیارت کی غرض سے ایران آئے ہوئے ہیں نے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری سے تہران میں ملاقات کی۔

اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے اس ملاقات میں یورپی ممالک کے رہنے والے مسلمانوں کی مشکلات کو یاد کرتے ہوئے کہا: جان لیجئے آپ کا دیندار ہونا ہماری دینداری سے زیادہ قابل قدر اور اہمیت کا حامل ہے اس لیے کہ ہم ایسے سماج میں زندگی بسر کر رہے ہیں جس میں سب کے سب مسلمان ہیں ہم بہت آسانی سے اپنے دینی وظائف انجام دیتے ہیں جہاں جاتے ہیں لوگ ہمیں سلام کرتے ہیں ہمارا احترام کرتے ہیں لیکن آپ لوگ صرف اپنے دین کی وجہ سے اذیت میں ہوتے ہیں آپ لوگوں کا مزاق اڑایا جاتا ہے کبھی آپ کے دینی مراکز اور مساجد پر حملہ کیا جاتا ہے اسکول، کالج، یونیورسٹیوں اور دیگر عمومی جگہوں پر آپ کو بری نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور دھشتگردوں کے جرائم کی وجہ سے آپ مسلمانوں کو بھی دھشتگرد کہا جاتا ہے۔

اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے بعض روایات سے استناد کرتے ہوئے واضح کیا:

آپ نے جو کافر ملکوں میں اپنے دین کی حفاظت کی ہے اس کی بہت زیادہ اہمیت ہے، روایت میں آیا ہے کہ آخری زمانے میں جو شخص دیندار ہو گا وہ گویا ایسے ہے جیسے اس نے آگ کا انگارا اپنی ہتھیلی پر اٹھایا ہوا ہو۔ یعنی اس دور میں دین کی حفاظت کرنا اس قدر مشکل ہے۔ شاید اس حدیث سے مراد ایران اور پاکستان میں دینداری نہ ہو بلکہ برطانیہ، یورپ اور امریکہ مراد ہوں۔

انہوں نے مزید ایک روایت بیان کی کہ امام صادق علیہ السلام کے ایک صحابی مدینہ میں امام کے پاس آئے۔ امام نے فرمایا میں نے سنا ہے کہ تم اپنے علاقے میں مجلس برپا کرتے ہو اور ہمارے فضائل بیان کرتے ہو امام حسین علیہ السلام کے لیے گریہ کرتے ہو۔ کہا: جی یابن رسول اللہ(ص)، امام نے فرمایا: میں ان مجلسوں کو بہت پسند کرتا ہوں۔ حجت الاسلام محمد حسن اختری نے اس روایت کو بیان کرنے کے بعد کہا: آپ لوگ ان ملکوں میں موسسہ لبیک یا زہرا(ع) کے تحت مجالس اور دینی جلسوں کا انعقاد کرتے ہیں ان سے امام زمانہ (عج) کا دل خوش ہوتا ہے۔

انہوں نے مغرب میں معارف اسلام اور تعلیمات اہل بیت(ع) کو پھیلانے کی روشوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ملکوں میں اسلام مخصوصا حجاب پر جو اعتراضات کئے جاتے ہیں انہیں ہمارے پاس بھیج سکتے ہیں تاکہ ہم ان کے جواب لکھ کر آپ کو دیں اور آپ انہیں وہاں کے لوگوں کے درمیان تقسیم کریں۔

آقائے اختری نے آخر میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہم سب امام زمانہ(عج) کے قیام کے دن کا انتظار کر رہے ہیں، کہا: کافر ملکوں میں اپنے دین کی حفاظت کرنے والے آپ لوگ حقیقت میں امام زمانہ (عج) کے سپاہی ہیں اور جب امام قیام کریں گے تو ان ملکوں میں آپ ان کے علمبردار ہوں گے۔