• صارفین کی تعداد :
  • 1514
  • 1/11/2012
  • تاريخ :

بندر انزلي

بندر انزلی

 ايران کے شمالي علاقہ جات بہت ہي خوبصورت ہيں - ان علاقوں ميں دنيا بھر سے سياح آتے رہتے ہيں جو  يہاں کي آب و ہوا  سے لطف اندوز ہوتے ہيں - کيسپين  نامي سمندر کے ارد گرد واقع ايران کے مختلف  شہر آب  و ہوا اور قدرتي حسن کے لحاظ سے اپني مثال آپ ہيں - صوبہ گيلان کے درالحکومت  " رشت " سے جب کيسپين سمندر  کي طرف جائيں تو سمندر کي وجہ سے ہوا صاف ہو جاتي ہے -  کيسپين کے کنارے ايک  شہر کا نام بندر انزلي ہے جو سمندر کے کنارے واقع صوبہ گيلان کا ايک اہم شہر  ہے -

بندر انزلي سطح سمندر سے 20 ميٹر کي  بلندي پر واقع ہے اور تہران سے شمال کي جانب 360  کلوميٹر کے فاصلے پر واقع ہے - يہ شہر ايران کي بحري فوج  کا ايک اہم مرکز بھي ہے - يہاں  کے رہنے والے لوگ  تفريح کے ليۓ سمندر کے کنارے واقع باغ کا رخ کرتے ہيں - خاص طور پر جمعہ کے دن جو کہ ايران ميں چھٹي کا دن ہوتا ہے ، يہاں  لوگوں کا بہت ہجوم ہوتا ہے - ان تفريحي مقامات پر جگہ جگہ کھانے پينے کي اشياء اور بيٹھنے کے ليۓ انتظام موجود ہوتا ہے تاکہ اگر کوئي سياح  پيدل چلتا تھک جاۓ تو آرام سے بيٹھ کر کچھ دير کے ليۓ استراحت کرے اور اس دوران سمندر ميں بہتي کشتيوں کا  نظارہ کرنے کا بھي اسے  موقع مل جاتا ہے -

يہ شہر اس وقت زيادہ منظر عام پر آيا جب  انيسويں صدي ميں روسي تاجروں کا اس علاقے پر اثرو رسوخ بڑھا اور يوں اس علاقے ميں تجارتي سرگرمياں اپنے عروج پر پہنچ گئيں - روسي تاجروں نے اس بندرگاہ کو اپني تجارتي سرگرميوں کا مرکز بناۓ رکھا اور آج بھي يہ يہ واحد  بندرگاہ ہے جو  سابق سوويت يونين کے ساتھ تجارت کے ليۓ   اس علاقے ميں استعمال ہو رہي ہے -   ايران کي بندرگاہ انزلي اور آذربائيجان کي بندرگاہ  باکو ميں بہت زيادہ مماثلت پائي جاتي ہے - بندرگاہ  انزلي ليگون کي وجہ سے دو حصوں ميں تقسيم  ہو جاتي ہے - قصبے اور بہشتي جزيرے کے درميان ايک پل واقع ہے - اس علاقے سے لطف اندوز ہونے کے ليۓ صرف بندرانزلي  تک کا سفر ہي کافي نہيں ہے  بلکہ سياحوں کو گيلان اور مازندران کا بھي رخ  کرنا چاہيۓ -

تحرير : سيد اسداللہ ارسلان

پيشکش : شعبۂ تحرير و پيشکش تبيان


متعلقہ تحريريں:

ايران کا شہر " تبريز "