• صارفین کی تعداد :
  • 15556
  • 3/27/2016
  • تاريخ :

لیموں کے 14 کارآمد استعمال(حصه دوم)

لیموں کے 14 کارآمد استعمال(حصه دوم)


چہرے کی صفائی
آپ اپنے چہرے کو لیموں کے عرق سے دھوئیں تو یہ قدرتی کلینر کا کام کرتا ہے اور چند دن تک اس کے استعمال سے جلد میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

 

بالوں کی خشکی سے نجات
اگر سر میں کھجلی اور خشکی نے آپ کو تنگ کررکھا ہے تو اس سے ریلیف کے لیے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق کی مالش اپنے سر پر کریں اور پھر پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا عرق ایک کپ پانی میں ملائیں اور اس سے اپنے بال دھولیں۔ اس عمل کو روزانہ اس وقت تک دہرائیں جب تک خشکی غائب نہ ہوجائے۔

 

خراشوں سے ریلیف
چھوٹی خراشیں آجانے پر ان پر کچھ قطرے لیموں کا عرق ڈالیں یا روئی کو عرق میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر ایک منٹ تک کے لیے دبا کر رکھیں۔

 

مسوں سے نجات
اگر آپ نے مسوں سے نجات کے لیے متعدد نسخے آزمائے ہیں اور کوئی کام نہیں آیا تو اگلی بار روئی کے ذریعے لیموں کے عرق کو براہ راست اس جگہ پر لگائیں۔ اس عمل کو کئی دن تک دہرائیں جب تک لیموں کے عرق میں موجود تیزابی اثرات مسوں کو مکمل طور پر تحلیل نہ کردیں۔

 

کپڑوں کو بلیچ کرنا
گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کریں اور اس میں اپنے سفید کپڑے بھگو دیں، کچھ دیر بعد انہیں معمول کی طرح نچوڑ کر دھولیں۔ اس کے علاوہ آپ واشنگ مشین میں بھی بلیچ کی جگہ آدھا کپ لیموں کا جوس ڈال کر بھی بہترین نتیجہ

حاصل کرسکتے ہیں۔

 

کپڑوں کی سفیدی
اپنے سفید کپڑوں کو زیادہ سفید کرنا چاہتے ہیں تو لیموں کا عرق کپڑے دھونے والے پانی میں ملادیں، آپ کے کپڑے زیادہ جگمگانے لگیں گے جبکہ ان میں لیموں کی خوشبو میں بس جائے گی۔

 

سنگ مرمر کی صفائی
سنگ مرمرکے فرش پر سے زنگ کے دھبوں کو ہٹانے کے لیے کھانے کا سوڈا داغ پر چھڑکیں اور اس پر کچھ لیموں کا عرق ڈال دیں، اس جگہ کو رگڑیں، ضرورت پڑنے پر پھر سوڈا اور لیموں کا عرق ڈالیں، اس کے بعد صاف گیلے کپڑے سے اس جگہ کو صاف کردیں، آپ کا فرش جگمگانے لگے گا۔

 

فرنیچر پالش
اپنے گھر کے فرنیچر کے لیے گھریلو ساختہ پالش تیار کریں جس کی مہک اچھی اور لاگت کسی عام پالش کے مقابلے میں بہت کم ہے، بس لیموں سے عرق نکال کر اسے زیتون کے تیل میں شامل کریں ہلانے کے بعد اس محلول کو کپڑے پر ڈال کر اپنے فرنیچر کو پالش کریں، آپ کرسیوں اور میزوں کی چمک کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔

 

پانی کے دھبوں کی صفائی
پانی کے نتیجے میں نلکوں اور شاور وغیرہ پر نظر نہ آنے والے دھبے پڑ جاتے ہیں اور بتدریج جم کر موٹے ہوتے چلے جاتے ہیں، جس کی صفائی کے لیے ایک لیموں کو کاٹ کر اسے اپنے نلکے یا شاور پر رگڑے، اس عمل کے بعد چمکنے لگیں گے اور بالکل نئے جیسے ہوجائیں گے۔
(ختم ہوا)