شرک کرنے والے
پھر جب (دن میں) سورج کو روشن دیکھا تو( حضرت ابراہیم نے) کہا یہ ہے میرا رب ،یہی سب سے بڑا ہے ۔ مگر جب وہ غروب ہو گیا تو (حضرت ) ابراہیم پکار اٹھے '' اے میری قوم ! بے شک میں ان سب سے بیزار ہوں جنہیں تم اللہ کا شریک ٹھہراتے ہو ۔ میں نے تو یکسو ہو کر اپنا رخ اس ہستی کی طرف کر لیا ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اور میں ہرگز شرک کرنے والوں میں نہیں ہوں ''۔
سورۃ الانعام (6) آیات 79،80
عذاب
اور کتنی ایسی بستیاں ہیں جنہیں ہم نے تباہ کیا پس ان پر ہمارا عذاب رات کے وقت آیا یا ایسے وقت جب وہ دوپہر کو سو رہے تھے پس جب ہمارا عذاب ان پر آیا تو وہ صرف یہی کہہ سکے: واقعی ہم ظالم تھے
سورۂ الاعراف (7) ۔ آیات 5 ، 4
پيغام رساني
پس جن کی طرف پیغمبر بھیجے گئے ہم ہر صورت میں ان سے سوال کریںگے اور خود پیغمبروں سے بھی ہم ضرور پوچھیں گے - پھر ہم پورے علم و آگہی سے ان سے سرگزشت بیان کریں گے اور ہم غائب تو نہیں تھے
سورۂ الاعراف (7) ۔ آیات 6،7
تعریف اللہ کے لیۓ
تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیۓ ہیں ،جس نے زمین اور آسمان کو بنایا ،روشنی اور تاریکیوں کو پیدا کیا پھر بھی وہ لوگ جنہوں نے دعوت حق کو ماننے سے انکار کر دیا ہے ،دوسروں کو اپنے رب کا ہمسر(برابر) ٹھہراتے ہیں ۔
سورۃ الانعام (6) ۔ آیت 1
ناشکرے لوگ
ایسے لوگ بھی اللہ کو پسند نہیں ہیں جو کنجوسی کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی کنجوسی کی تعلیم دیتے ہیں اور جو کچھ اللہ نے انہیں اپنے فضل سے دے رکھا ہے،اسے چھپا چھپا کر رکھتے ہیں ۔ ایسے ناشکرے لوگوں کے لیۓ ہم نے ذلّت والا عذاب تیار کر رکھا ہے ۔
سورۃ النساء (4) ۔ آیت 37
غرور اللہ کو پسند نہیں
تم سب اللہ ہی کی عبادت کرو،اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ ،ماں باپ کے ساتھ نیک برتاؤ کرو ،قریبی رشتہ داروں اور یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ ،اور پاس والے پڑوسی سے ،اجنبی ہمسایہ سے ،ہم مجلس اور راہ گیر (مسافر)سے اور اپنے غلاموں اور لونڈیوں سے جو تمہارے قبضے میں ہوں ،احسان کا معاملہ رکھو،یقین جانو اللہ کسی ایسے شخص کو قطعا پسند نہیں کرتا جو (غرور سے )اپنے آپ کو بڑا سمجھتا ہے اور (بڑے فخر سے ) شیخی کی باتیں بگھارتا ہے ۔
سورۃ النساء (4) ۔ آیت 36
فضل و کرم کی دعا
جو کچھ اللہ نے تم میں سے کسی کو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ دیا ہے اس کی حرص نہ کیا کرو ۔ مردوں کو ان ہی کے کاموں کا ثواب ملے گا اور عورتوں کو ان ہی کے کام کا ثواب ملے گا۔ اور اللہ سے اس کے فضل و کرم کی دعا مانگتے رہا کرو ،یقینا اللہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے ۔
سورۃ النساء (4) ۔ آیت 32
عزّت کا مقام
(اے ایمان والو) اگر تم بڑے بڑے گناہوں سے بچتے رہے جن سے تمہیں منع کیا گیا ہے تو تمہارے چھوٹے چھوٹے گناہوں کو ہم معاف کر دیں گے اور تم کو ایک عزّت کا مقام عطا کریں گے ۔
سورۃ النساء(4) ۔ آیت 31
تجارت میں لین دین
اے ایمان والو! آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق طور پر مت کھاؤ،البتہ آپس کی رضا مندی سے تجارت میں لین دین ہو تو کوئی مضائقہ نہیں ۔ اور اپنے آپ کو قتل نہ کرو۔ یقین مانو کہ اللہ تمہارے حق میں بڑا مہربان ہے ۔ جو شخص ظلم و زیادتی کے ساتھ ایسا کرے گا تو ہم عنقریب اس کو آگ میں ضرور ڈالیں گے اور یہ اللہ کے لیۓ کوئی مشکل کام نہیں ہے ۔
سورۃ النساء (4) ۔ آیات 29،30
توبہ
توبہ ان کے لیۓ نہیں ہے جو برابر گناہ کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ جب ان میں سے کسی کی موت کا وقت آ جاۓ تو اس وقت وہ کہنے لگے کہ اب میں توبہ کرتا ہوں ۔ اور اسی طرح توبہ ان لوگوں کے لیۓ بھی نہیں ہے جن کو کفر کی حالت میں موت آ جاتی ہے ۔ ایسے لوگوں کے لیۓ تو ہم نے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے ۔
سورۃ النساء (4) ۔ آیت 18