• صارفین کی تعداد :
  • 1365
  • 7/14/2010
  • تاريخ :

پاکستان کے سابق سینیٹر حبیب جالب کو نامعلوم مسلح افراد نے ہلاک کردیا ہے

سینیٹر حبیب جالب
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور سابق سینیٹر حبیب جالب ایڈووکیٹ کو کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی  نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور سابق سینیٹر حبیب جالب ایڈووکیٹ کو کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ بدھ کی صبح کوئٹہ کی سریاب روڑ پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما حبیب جالب اپنے بھائی کی دکان پر اخبار پڑھ رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے انھیں ہلاک کر دیا۔نامعلوم مسلح حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ سابق سینیٹر حبیب جالب کی میت کو کوئٹہ کے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ان کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال کے باہر وکلاء اور سیاسی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی اور احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز حامد شکیل کے مطابق حبیب جالب بلوچ کو تین نامعلوم حملہ آوروں نے گھر کے قریب نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حبیب جالب کے قتل کے واقعہ کے بعد علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ واضح ہو کہ حبیب جالب بلوچ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر وکیل تھے۔ وہ سینیٹ کے رکن بھی رہے۔ حبیب جالب بلوچ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ اور اعلی تعلیم روس میں حاصل کی۔