• صارفین کی تعداد :
  • 1239
  • 5/3/2011
  • تاريخ :

ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا گیا

القاعدہ کا سربراہ اسامہ بن لادن
ایبٹ آباد میں واقع ایک علاقے  بلال ٹاؤن میں امریکی اسپیشل فورسز کے آپریشن میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن ہلاک ہو گئے، ان کی  2 بیویوں، 6 بچوں سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ آپریشن میں ان کا بیٹا اور 3 ساتھی بھی مارے گئے۔

امریکی حکام کے مطابق اسامہ بن لادن کو اسلامی طریقے کے مطابق سمندر برد کیا گیا، اسلامی روایات کے مطابق لاش کو 24 گھنٹے کے اندر دفن کرنا ہوتا ہے اور اس قلیل وقت میں جگہ کی تلاش مشکل تھی کیونکہ کوئی بھی ملک القاعدہ کے دہشت گرد کو اپنی سرزمین پر دفن کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اسامہ بن لادن کی ہلاکت پر امریکا بھر میں جشن منایا گیا جبکہ امریکی صدر باراک اوباما نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی حاصل کرکے امریکا نے ثابت کر دیا کہ وہ جو چاہے کر سکتا ہے، یہ کامیابی پاکستان کے تعاون سے ممکن ہوئی، اسامہ کی ہلاکت سے دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک ہونے والے معصوم افراد کے ساتھ انصاف ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی اسپیشل سروس گروپ کے اہلکارں نے ایبٹ آباد میں بلاول ٹاؤن کے علاقے میں ایک کمپاؤنڈ میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات آپریشن میں ہلاک کیا۔ آپریشن میں چار ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا جن میں سے ایک تباہ ہوا ،بعض اطلاعات کے مطابق انتہائی حساس آپریشن میں 2 اپاچی ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے، آپریشن میں اسامہ بن لادن اپنے بیٹے اور تین ساتھیوں سمیت مارے گئے جبکہ ان کی دو بیویوں سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب پہلے دو ہیلی کاپٹر 12.34 منٹ پر آئے جبکہ ایک ہیلی کاپٹر 1.08 منٹ پر آیا آپریشن 40 منٹ جاری رہا۔ ایبٹ آباد میں ایک عینی شاہد نے بتایا کہ کاکول کے قریب واقع ٹھنڈا چوہا نامی علاقے میں فوجی کارروائی شروع ہونے کے کوئی دو گھنٹے بعد ایک دھماکے کی آواز سنائی دی اور اس کے ساتھ ہی گولیاں چلنے کی آواز آئی اور پھر توپ کے گولے کی طرح زور دار آواز سنی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ہیلی کاپٹر ایک حویلی نما گھر کے باہر گر کر تباہ ہو گیا اور آگ لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں دو ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے تھے انہوں نے کہا جس مکان کے باہر یہ ہیلی کاپٹر گرا تھا یہ وہی مکان تھا جو فوجی کارروائی کا مرکز تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے دوران بچوں کے چیخنے کی آوازیں بھی سنائی دیں اور یہاں عورتیں اور مرد مقیم تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عورت کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ انہوں نے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے حصے خود اٹھائے اور بظاہر یہ لگ رہا تھا کہ یہ گرا نہیں بلکہ گرایا گیا تھا۔ جو ہیلی کاپٹر استعمال ہوئے ان کی بناوٹ سے لگتا ہے کہ وہ امریکی ہیلی کاپٹر تھے لیکن وہ وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔

 ایبٹ آباد کے مقامی پولیس افسر نے بتایا ہے کہ القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں ایک غیر ملکی ہیلی کاپٹر تباہ جبکہ تین غیر ملکیوں کی لاشیں اس گھر میں پڑی ہوئی تھیں جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن رہ رہا تھا۔ اسامہ بن لادن امریکا کو نیروبی بم دھماکوں، ورلڈ ٹرید سینٹر اور پینٹاگون پر حملوں سمیت دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں مطلوب تھااور اس کے بارے میں کسی قسم کی اطلاعات فراہم کر نے والے کیلئے پانچ کروڑ ڈالر انعام مقرر کیا گیا تھا۔ امریکی ٹی وی کے مطابق آپریشن کے دوران گرنے والا ہیلی کاپٹر امریکی تھا اور اسے نیچے سے فائرنگ کر کے گرایا گیا، تاہم اس میں کوئی امریکی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا اس کے بعد اسپیشل فورسز نے کمپاؤنڈ کے اندر داخل ہو کر آپریشن کیا اور اسامہ کے سر میں گولی لگی جبکہ ان کے سامنے آنے والی ایک خاتون کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔  اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ کی سرگرمیوں پر کس حد تک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں یہ کہنا قبل از وقت ہے ۔  اسامہ کی ہلاکت کے بعد انٹرپول نے دنیا بھر میں ہونے والے متوقع دہشت گردانہ حملوں یا القاعدہ کی طرف سے انتقامی کاروائی سے خبردار کیا ہے ۔

پیشکش : شعبۂ تحریر و پیشکش تبیان