• صارفین کی تعداد :
  • 2339
  • 6/6/2012
  • تاريخ :

پيغمبروں جيسي سادہ زندگي

بسم الله الرحمن الرحیم

اللہ تعالي نے انسان کي رہنمائي کے ليۓ انبياء کو مبعوث فرمايا  کہ جن کي زندگياں حسن اخلاق ، معاشرت اور رہن سہن  کے بہترين نمونے ہيں -  حضرت امام علي عليہ السلام سادہ طريقے  کے ساتھ زندگي گزارنے کي اہميت کے بارے ميں فرماتے ہيں کہ 

موسي عليہ السلام نے خدا سے عرض کي کہ اے ميرے پروردگار ! ميں تيري طرف نازل ہونے والي خير کا محتاج ہوں ليکن خدا گواہ ہے کہ انہوں نے روٹي کے ايک لقمے کے سواء کوئي سوال نہ کيا - وہ زمين کي سبزي کھا ليا کرتے تھے اور اسي ليۓ ان کے شکم کي نرم و نازک جلد سے سبزي کا رنگ نظر آيا کرتا تھا کہ وہ انتہائي لاغر ہو گۓ تھے اور ان کا گوشت گل گيا تھا -

حضرت داؤد عليہ السلام کي مثال لے ليجيۓ جو کجھور کے درخت کي چھال سے ٹوکرياں بناتے اور انہيں بيچ کر جو کا آٹا  لا کر کھايا کرتے تھے -

حضرت عيسي عليہ السلام اپنے پيٹ سے پتھر باندھا کرتے تھے اور کھردرے  کپڑے پہنتے  اور معمولي  خوراک کھاتے تھے -  ان کي غذا بھوک تھي ، رات کے وقت ان کا چراغ چاند  اور سرديوں ميں ان کے رہنے کي جگہ زمين پر  مشرق و مغرب کا آسماني سائبان ہوا کرتا  تھا -

ہمارے پيارے نبي حضرت محمد صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم  سادگي کا ايک بہت ہي عمدہ نمونہ تھے جنہوں نے  ہر طرح کي سہوليات اور آسائشيں ہونے کے باوجود نہايت سادہ زندگي بسر کي - حضرت امام علي عليہ السلام ان  حضرت کي سادہ زندگي کے بارے ميں فرماتے ہيں کہ :

يقينا رسول اکرم صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم  کي زندگي تمہارے ليۓ بہترين نمونہ ہے اور دنيا کي ذلت اور اس کے عيوب کے ليۓ بہترين رہنما ہے کہ اس ميں ذلت و رسوائي کے مقامات بکثرت پاۓ جاتے ہيں - ديکھو اس دنيا کے اطراف حضور سے سميٹ ليۓ گۓ اور غيروں کے ليۓ ہموار کر ديۓ گۓ - آپ کو اس کے منافع سے الگ رکھا گيا اور اس کي آرائشوں سے کنارہ کش کر ديا گيا -

حضرت امام علي عليہ السلام مزيد فرماتے ہيں کہ

" نبي اکرم صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم زمين پر بيٹھ کر کھانا کھايا کرتے تھے اور عام انسانوں کي طرح بيٹھتے اور اپنے ہاتھوں سے جوتے کو پيوند لگاتے  تھے اور اپنے کرتے کو سيتے تھے اور گدھے پر بغير زين کے سواري کرتے اور دوسروں کو اپنے ساتھ سوار  کيا کرتے تھے -

نبي اکرم صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم بادشاہوں کے طرز زندگي ، ان کے اٹھنے بيٹھنے ، آمدو رفت اور ان کے ليۓ کيے گۓ اہتمامات سے سخت بيزار تھے -  ايک دفعہ ايک آدمي نبي اکرم صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم سے بات کرنے کے ليۓ آيا ليکن جونہي اس نے نبي اکرم صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم کو ديکھا تو پريشان ہو گيا  اور کانپنے لگا - نبي اکرم صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم نے اس شخص سے فرمايا کہ پريشان مت ہو - ميں کوئي  بادشاہ نہيں ہوں ، ميں  تو اسي عورت کا بيٹا ہوں جو سوکھا ہوا گوشت کھايا کرتي تھي -

پیشکش: سید اسد الله ارسلان