• صارفین کی تعداد :
  • 1290
  • 5/30/2012
  • تاريخ :

شراکت داري معاہدہ يا تسلط قائم رکھنے کا نيا حربہ

شراکت داری معاہدہ یا تسلط قائم رکھنے کا نیا حربہ

انساني تاريخ جنگ و جدل سے بھري پڑي ہے - ہر جنگ کے آغاز پر کبھي کوئي طاقت ور اپني طاقت کے نشے ميں کمزور کو اپنا ھدف بناتا رہا  ہے تو کبھي حق کے داعي حق کي  آواز کو بلند کرنے کے ليۓ اپنے سے  کئي گنا طاقتور باطل پر دھاوا بولتے رہے ہيں - ماضي  ميں بھي جنگوں  کا نتيجہ تباہي کي صورت ميں نکلتا تھا اور اب بھي تباہي اور بربادي ہي جنگ کا مقدر ٹھہرتي ہے مگر  پھر بھي يہ ايک ايسا  گناہ ہے جس کا ارتکاب  کبھي کبھار بہت ضروري ہو جاتا ہے -  دوسري اقوام پر قابض ہونے کے ليۓ مختلف طرح کے حربے استعمال کيے جاتے ہيں  مثلا

1- دشمن پر بلاواسطہ حملہ کرکے اسے  نيست و نابود کر ديا جاۓ اور باقي بچ جانے والوں کو اپنا غلام بنا ليا جاۓ -

2- دوسري اقوام پر تسلط قائم  کرکے انہي کے علاقے ميں اپنے لوگوں کو بسايا جاۓ اور  وہاں کے مقامي  وسائل سے فائدہ اٹھايا جاۓ اور ان کے ساتھ رہ کر ان پر حکومت کي جاۓ -

3-  تيسرا طريقہ يہ ہے کہ دشمن کي قوم ميں سے غداروں کو ڈھونڈھا جاۓ ، انہيں اقتدار تک  رسائي دي  جاۓ اور يوں ظاہري طور پر اقتدار تو  مفتوح  قوم کے  افراد کے پاس ہوتا ہے  مگر عملي طور پر حکمراني  قابض طاقت  کر رہي ہوتي ہے  -

 ماضي کي نسبت موجودہ دور کي ظالم طاقتيں  بہت مکاري کا مظاہرہ کر رہي ہيں - سائينس  اور انفارميشن ٹيکنالوجي کي ترقي کے باعث پوري دنيا ايک گلوبل ويليج بن گئي ہے جس کي وجہ سے دنيا کے کسي بھي حصے ميں رونما ہونے والے واقعے کي خبر فوري طور پر  دنيا کے ہر گوشے ميں پھيل جاتي ہے - اس وجہ سے موجودہ دور پر قتل و غارت کرکے اور دشمن کے تمام افراد کو قتل کرکے کسي علاقے پر قبضہ کرنا بہت مشکل ہو گيا ہے - سابقہ دور ميں برطانوي سامراج نے دنيا کے مختلف علاقوں ميں رہ کر وہاں کي مقامي آبادي کو اپنے ساتھ ملا کر وہاں پر حکومت کي مگر موجودہ دور ميں امريکہ تيسرے طريقے کا انتخاب کرکے دنيا کے وسائل  پر اپنا قبضہ مسلط کرنے کي کوششوں ميں مصروف نظر آ رہا ہے - امريکہ نے دنيا پر فوجي ، معاشي ، معاشرتي و ثقافتي لحاظ سے تسلط قائم کرنے کے ليۓ  منصوبے بناۓ اور پھر ان منصوبوں کو عملي جامعہ پہنانے کے ليۓ جنگ کا سہارا ليا -

 ماضي قريب ميں امريکي جارحيت

 ويت نام ميں ذلت آميز شکست کے بعد چند دہائيوں تک تو امريکہ  فوجي لحاظ سے کوئي بڑي جارحيت کرنے سے باز رہا مگر ملکي  معيشت کے خليجي تيل پر انحصار  نے اسے پھر سے  جنگوں ميں دھکيل ديا مگر اب کي بار جنگ شروع کرنے کے ليۓ امريکہ نے ايک انوکھے  جھوٹ کا سہارا ليا - سوچي سمجھي  تخيلاتي سازش تيار کرکے پھر اسے عملي جامعہ پہنايا گيا تاکہ بين الاقوامي برادري فوري طور پر اس کے منصوبے کي راہ ميں رکاوٹ نہ بن پاۓ -

مشرق وسطي ميں امريکہ کي سازشيں کوئي نئي بات نہيں ہے -  پہلے ايک لمبے عرصے تک عراق کے سابق ڈکٹيٹر صدام حسين  کے علاقے ميں غيرذمہ دارنہ اور جارحيت پسندانہ اقدامات کي  امريکہ نے حمايت کي - اسي حمايت کے نتيجہ ميں صدام جنگي جرائم کا مرتکب بھي ہوا - صدام کو کميائي ہتھيار فرائم کيۓ گۓ اور ان ہتھياروں کو  ايرانيوں کے خلاف استعمال کروايا گيا ، کويت پر حملہ کروا کر اتحادي افواج کو خليج فارس کے اردگرد جمع  ہونے کا موقع فراہم کيا گيا -  90 ء کي دہائي کے آغاز سے خليجي جنگ کا آغاز ہوا ، عراق کو تباہ و برباد کيا گيا اور پھر لمبے عرصے تک اقتصادي پابندياں لگانے کے بعد  آخر کار بڑے پيمانے پر تباہي پھلانے والے ہتھيار رکھنے کا الزام لگا کر ايک بار پھر 2003 ء ميں عراق پر حملہ کيا گيا - يہ سارے کا سارا ڈرامہ خليجي ممالک کے تيل پر قبضہ کرنے اور اسرائيل کو تحفظ فراہم کرنے کے ليۓ رچايا گيا -

مشرق وسطي کے تيل کے ذخاير کے علاوہ  سينٹرل ايشيا ميں  تيل اور گيس کے بڑے ذخائر موجود ہيں - ان ذخاير تک رسائي کے ليۓ ايک ممکنہ راستہ پاکستان ، افغانستان اور ترکمانستان سے جاتا ہے - افغانستان  اس توانائي کے ذخائر تک رسائي کي وجہ سے بہت اہميت کا حامل ہے -  افغانستان پر قابض ہونے کے ليۓ امريکہ نے القاعدہ کو استعمال کيا - طالبان کي حمايت کي گئي اور پھر  11 ستمبر 2001 ء ميں ورلڈ ٹريڈ سينٹر  پر  حملے کو بہانہ بنا کر افغانستان پر حملہ کر ديا گيا - سوويت فوجوں کے انخلا کے بعد سے افغانستان ميں مختلف گروہ  ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کے ليۓ آپس ميں پرسرپيکار تھے - امريکہ نے  شمالي اتحاد کي مدد سے طالبان کو شکست دے کر افغانستان ميں حامد کرزئي کي سربراہي ميں   ايک  کٹھ پتلي حکومت تشکيل دي  اور پھر اس حکومت کي رٹ کو افغانستان کے مختلف علاقوں ميں لاگو کرنے کے ليۓ ڈيڑھ لاکھ کے قريب نيٹو اور ايساف پر مشتمل ممالک کے  فوجيوں کا سہارا ليا گيا -

امريکي خواب اور حقيقت

بظاہر تو امريکہ نے يہي سوچا ہو گا کہ عراق اور افغانستان پر قبضہ کرکے معاشي  لحاظ سے فوائد حاصل کيۓ جائيں اور ارد گرد کے ممالک پر فوجي اعتبار سے نظر رکھي جاۓ گي مگر پينٹاگون ميں بيٹھ کر برسوں قبل   بناۓ جانے والے منصوبے اب خاک ميں ملتے نظر آ رہے ہيں - افغان جنگ امريکہ کي سب سے طويل جنگ  بن گئي ہے - امريکہ  کو واضح طور پر اس جنگ ميں شکست نظر آ رہي ہے - وہ تمام کے تمام اتحادي ممالک جن کو مختلف طرح کے لالچ دے کر اور سہانے خواب دکھلا کر امريکہ نے اپنے ساتھ ملايا تھا اب رفتہ رفتہ امريکي اتحاد کو خيرآباد کہہ رہے ہيں - خود امريکہ کے اندر عوامي سطح پر افغان جنگ کو حمايت حاصل نہيں رہي ہے اور امريکي عوام کي اکثريت کا خيال يہي ہے کہ امريکہ کو اس جنگ سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہيۓ - امريکہ نے افغانستان ميں قدم جمانے کے بعد  ارد گرد کے ممالک کو غيرمستحکم کرنے کے ليۓ دہشت گردي کا سہارا ليا - پاکستان اور ايران ميں دہشت گردي کي وارداتيں کروائي گئي اور خاص طور پر پاکستان ميں سي آئي اے نے دہشت گردي کا ايک منظم نيٹ ورک بنايا - اس وجہ سے ہمسايہ ممالک کي بھي يہي کوشش ہے کہ جتني  جلدي  ممکن ہو امريکہ اس علاقے سے نکل جاۓ تاکہ علاقے کے مسائل کو علاقائي ممالک مل بيٹھ کر حل کريں -

امريکہ  اپني معاشي پريشانيوں ، اتحاديوں کے ساتھ چھوڑ جانے ، عوامي حمايت کھو دينے اور افغان قوم کي مزاحمت کي وجہ سے  افغان جنگ سے چھٹکارا تو حاصل کرنا چاہتا ہے مگر  اس سب باتوں کے باوجود علاقے ميں اپنے مفادات کے تحفظ کے ليۓ افغان امريکہ اسٹريٹيجک معاہدے کي صورت ميں  نئے جال  پھيلا رہا ہے -

تحرير و ترتيب : سيد اسداللہ ارسلان