• صارفین کی تعداد :
  • 3067
  • 1/22/2008
  • تاريخ :

بر صيصائے عابد

 

شکوفه

بنى اسرائيل ميں ايك نامى گرامى عابد تھاجس كا نام ""بر صيصا"" تھا (1)

جس نے طويل عرصہ تك عبادت پروردگار كى تھى جس كى وجہ سے وہ اس مقام پر پہنچ گيا تھا كہ جان بلب مريضوں كو اس كے پاس لاتے تھے اور اس كى دعا كے نتيجے ميں انھيں دوبارہ صحت و سلامتى ميسر ہوجاتى تھى ايك دن ايك معقول گھرانے كى عورت كو اس كے بھائي اس كے پا س لائے اور طے پايا كہ كچھ عرصہ تك وہ عورت وہيں رہے تاكہ اس كو شفا حاصل ہو _

 

اب شيطا ن نے اس كے دل ميں وسوسہ ڈالنے كا پروگرام بنايا اور اس قدراس كو اپنے دام ميں اسير كيا كہ اس عابد نے عورت كے سا تھ زيادتى كى اور كچھ دنوں بعد يہ بات كھل گئي كہ وہ عورت حاملہ ہے (كيونكہ ہميشہ ايك گناہ عظيم تر گناہوں كا سر چشمہ بنتا ہے ) اس نے عورت كو قتل كر ديا اور بيابان كے ايك گوشہ ميں دفن كر ديا ،اس عورت كے بھائي اس واقعہ سے باخبر ہوئے كہ مرد عابد نے اس قسم كے ظلم عظيم كا اقدام كيا ہے _

 

يہ خبر سارے شہر ميں پھيل گئي، يہاں تك كہ امير شہر كے كانوں تك جا پہنچى ، وہ كچھ لوگوں كو ساتھ لے كر چلا تاكہ حقيقت حال سے باخبر ہو ،جس وقت وہ ظلم ثابت ہو گيا تو اس كو اس كى عبادت گاہ سے كھينچ كر باہر لے ائے، اقرار گناہ كے بعد حكم ديا گيا كہ اسے سولى پر چڑھا ديا جائے جس وقت وہ سولى پر چڑھا ديا جانے لگا تو شيطان اس كے سامنے نمودار ہوا اور كہا وہ ميں تھا جس نے تجھے اس مصيبت ميں پھنسايا ،اب اگر جو كچھ ميں كہوں وہ مان لے تو ميں تيرى نجات كا سامان فراہم كر تا ہوں ،عابد نے كہا ميںكيا كروں ،اس نے كہا ميرے لئے تيرا صرف ايك سجدہ كافى ہے_

عابد نے كہا جس حالت ميں تو مجھے ديكھ رہا ہے اس ميں سجدہ كر نے كا كوئي امكان نہيں ہے، شيطان نے كہا: اشارہ ہى كافى ہے ، عابد نے گوشہ چشم  يا ہاتھ سے اشارہ كيا اور اس طرح شيطان كى بارگاہ ميں سجدہ بجالا يا اور اسى وقت مر گيا اور دنيا سے كافر گيا

حوالہ:
(1)اس واقعہ كو بعض مفسرين نے سورہ حشر 16 ،17 كے ذيل ميں بيان كيا ہے