• صارفین کی تعداد :
  • 3899
  • 9/9/2008
  • تاريخ :

روزہ کے متعلق مقام معظم رھبری سے چند استفتائات

رمضان کریم

سوال:

اگر کوئی بالغ لڑکی جسمانی کمزوری کی بنا پر ماہ رمضان کے روزے نہ رکھ سکتی ہو اور آئندہ  آنے والے رمضان تک قضا کی طاقت بھی نہ رکھتی ہو تو اس کے روزوں کا کیا حکم ہے ؟

جواب:

صرف کمزوری و ناتوانی کے سبب روزہ اور اس کی قضا سے معذوری ، قضا کو ساقط نہیں کرتی بلکہ اس پر رمضان کے روزوں کی قضا واجب ہے ۔

سوال :

اگر بلوغ کے فورا بعد لڑکیوں پر روزہ حد سے ‍ زیادہ شاق ہو تو ان کے روزوں کا کیا حکم ہے ؟ اور کیا لڑکیوں کے لۓ سن بلوغ نوسال ہے ؟

جواب:

مشہور یہ ہے کہ قمری نو سال پورے ہونے کے بعد لڑکیاں بالغ ہو جاتی ہیں ، اس وقت ان پر روزہ رکھنا واجب ہے اور کسی عذر کی وجہ سے ان کے لۓ روزہ ترک کرنا جائز نہیں ہے لیکن اگر دن کے کسی وقت روزے سے انھیں ضرر پہونچ رہا ہو یا عسر و حرج کا سبب ہو تو اس وقت ان کے لۓ افطار کرنا جائز ہے ۔

سوال :

میں قطعی طور سے نہیں جانتا کہ کب بالغ ہوا ہوں لہذا یہ بتایۓ کہ مجھ پر کب سے نمازوں کی قضا واجب ہے اورکیا مجھ پر روزوں کی قضا کے ساتھ کفارہ بھی واجب ہے جبکہ میں مسئلہ سے واقف نہیں تھا ؟

جواب :

جب سے آپ کو بلوغ کا یقین ہوا ہے اسی وقت سے آپ پر نماز و روزے کی قضا واجب ہو گی لیکن ان روزوں کی قضا کے ساتھ کفارہ بھی واجب ہے جن کے بارے میں آپ کو یقین حاصل ہوجائے کہ یہ آپ نے جان بوجھ کر اس وقت چھوڑے ہیں جب بالغ ہوچکے تھے ۔

سوال :

اگر نوسالہ لڑکی روزہ شاق ہونے کی وجہ سے توڑ دے تو کیا اس کی قضا واجب ہے ؟

جواب :

رمضان کے توڑے ہوئے  روزے  کی قضا واجب ہے ۔

سوال :

کیا روزہ سے بچنے کے لئے عمدا سفر کرنا جائز ہے ؟

جواب :

کوئی مضایقہ نہیں ہے ۔ اگرچہ  روزے سے بچنے کیلۓ ہی سفر پر نکلے ، لیکن اس پر افطار کرنا واجب ہے ۔

سوال :

بعض غیر متدین ڈاکٹر خوف ضرر کی دلیل سے مریض کو روزہ سے روکتے ہیں ایسے ڈاکٹر کا قول حجت ہے یا نہیں؟

جواب :

اگر ڈاکٹر دیانت دارنہیں ہے اور مریض کو اس کے قول پر اطمنان بھی نہیں ہے اور نہ ہی روزوں سے ضرر کا خوف ہے تو ایسی صورت میں اس کے قول کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا۔

سوال :

آج کل رگوں کے ذریعہ طاقت کی دوائیں جسم میں منتقل کی جاتی ہیں ۔ کیا یہ روزہ کو باطل کردیتی ہیں؟

جواب :

روزہ کی حالت میں رگوں کے ذریعہ دواؤں کا اندر تک منتقل کیا جانا محل اشکال ہے ۔ لہذا اس سے اجتناب کی احتیاط کو ترک نہ کیا جاۓ ۔

سوال :

کیا بلڈ پریشر کے مریض روزہ کی حالت میں ٹیبلٹ کا استعمال کر سکتے ہیں ؟

جواب :

اگر ٹیبلٹ کا استعمال ضروری ہے تو کھائی جا سکتی ہے لیکن روزہ باطل ہو  جاۓ گا۔

سوال :

کیا روزہ کی حالت میں اپنی زوجہ سے خوش فعلی کی جا سکتی ہے ؟

جواب :

اگر منی خارج ہونے کاسبب نہ ہو تو کوئی حرج  نہیں ہے ورنہ جائز نہیں ہے

سوال :

کیا فقیر کو ایک مد (750 گرام) طعام کی قیمت دیدینا کہ وہ اپنے لۓ کھانے کا انتظام کر لے کافی ہے ؟

جواب :

اگر اطمینان ہو کہ فقیر وکالۃ اس کی طرف سے کھانے کو خرید کر پھر خود اس کو کفارہ کے عنوان سے قبول کرلے گا تو کوئی مضائقہ نہیں ہے ۔

سوال :

رویت ہلال کے لۓ اتحاد افق کا معتبر ہونا شرط ہے یا نہیں؟

جواب :

کسی شھر میں چاند کا دیکھا جانا اس کے ہم افق یا نزدیک کے افق والے شہروں کے لۓ کافی ہے اسی طرح مشرق میں واقع شہروں کی رویت مغرب میں واقع شہروں کے لۓ کافی ہے ۔

                                                                             الحج ڈاٹ نیٹ 


متعلقہ تحریریں: 

 روزے کی بعض حکمتیں

 دو دن روزہ خوری کے