• صارفین کی تعداد :
  • 1657
  • 2/24/2008
  • تاريخ :

تریپورا میں پولنگ جاری 

  تریپورا میں انتخابات

  انتخابات میں اہم مقابلہ حکمراں بائيں محاذ اور حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے درمیان ہے ۔

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست تریپورا میں ساٹھ اراکین والی اسمبلی کے لیے پولنگ جاری ہے۔

اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی مہم جمعرات کو ختم ہو گئی تھی لیکن اس دوران سیاسی کارکنوں پر کئی مرتبہ شدت پسندوں نے حملے کیے۔

انتخابات میں اہم مقابلہ حکمراں بائيں محاذ اور حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے درمیان ہے۔

کانگریس کے اتحاد میں انڈیجنس نیشنلسٹ پارٹی آف تریپورا بھی شامل ہے۔

انتخابی میدان میں کل امیدواروں کی تعداد 313 ہے جن میں 28 خواتین بھی شامل ہیں۔

تریپورا میں انتخابات

بائيں محاذ کی سربراہی کرنے والی مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے اپنے 56 امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ راشٹروادی سوشلسٹ پارٹی (آر ایس پی) اور بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی) نے دو، دو سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں۔

حزب اختلاف کے محاذ کانگریس نے 47 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ باقی کی ديگر سیٹوں پر اتحاد کی دوسری جماعتیں اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔

انتخابی مہم کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے ہونے والے حملے کے مدِنظر ریاست ميں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اس عمل میں ریاست میں نیم فوجی دستوں کی اضافی 200 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ وہیں تریپورا سٹیٹ رائفلز کے جوانوں کو ریاست کے دور دراز علاقوں ميں تعینات کیا گیا ہے۔

ریاست کے 108 پولنگ مراکز کو بے حد حساس اور 550 پولنگ سٹیشنز کو حساس مانا گیا ہے۔