• صارفین کی تعداد :
  • 1179
  • 4/8/2008
  • تاريخ :

اولمپک مشعل  پیرس پہچنے پر  سکیورٹی ہائی الرٹ

 

چین اولمپک

  بی بی سی  اردو سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق  اتوار کے روز لندن میں مشعل کی پریڈ کے دوران اسے چھینینے کی کوشش کے بعد ستائیس مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

آج پیرس میں اولمپک مشعل کی پریڈ کے موقع پر تبت پر چین کی پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرین سے بچاؤ کے لئے شہر میں سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے۔

اٹھائیس کلومیٹر لمبی اس پریڈ کے لئے جس میں اسی افراد مشعل لے کر دوڑیں گے، پینسٹھ پولیس اہلکار موٹر سائیکلوں پر، دو سو رولر بلیڈز پر جبکہ دو سو دیگر اہلکار پریڈ روٹ پر تعینات کئے جائیں گے۔

تبت کے حمایتی مظاہرین نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ آج شہر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

اتوار کے روز لندن میں مشعل کی پریڈ کے دوران اسے چھینینے کی کوشش کے بعد ستائیس مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ایک موقع پر لندن میں یہ مشعل ایک بس میں رکھ دی گئی تھی تاکہ یہ مظاہرین سے محفوظ رہے۔

اولمپک کی اس مشعل کو پچھلے ہفتے یونان کے شہر اولمپیا میں روشن کیا گیا تھا اور اب یہ بیس مختلف ممالک کا سفر کرنے کے بعد آٹھ اگست کو بیجنگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں پہنچائی جائے گی۔

یہ مشعل سولہ اپریل کو اسلام آباد پہنچے گی۔

یہ مشعل اتوار کی رات پیرس پہنچائی گئی جہاں اسے فرانس میں چین کے سفیر نے لیا اور اس کے بعد چینی سیکورٹی انتظامات کے تحت اسے بیس موٹر سائیکل سوار فرانسیسی پولیس افسران کی نگرانی میں ایک ہوٹل میں پہنچایا گیا جس کا پولیس نے گھیراؤ کر رکھا ہے۔

پیرس کی پولیس اس مشعل کے گرد دو سو میٹر کا گھیراؤ بنائے گی تاکہ اسے مظاہرین سے بچایا جاسکے۔ پیرس کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ اس مشعل کو کسی ریاست کے سربراہ کی طرح تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

پیرس ہی میں مقیم میڈیا کے ادارے، ’رپورٹرز آؤٹ بارڈرز‘ کے سربراہ رابرٹ مینارڈ کا کہنا ہے کہ چینی حکام نے اس بات کو یقینی بنا دیا ہے کہ پیر کے روز پیرس تیاننمن سکوائر جیسا لگے اور یہ کہ یہ ایک شرمناک بات ہے۔

مسٹر مینارڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کے پیش نظر اپنے احتجاج کے منصوبوں میں تبدیلی کر دی ہے لیکن ’اس سب کے باوجود وہ ایک شاندار‘ احتجاج کریں گے۔

مسٹر مینارڈ کو یونان کے شہر اولمپیا میں مشعل کو روشن کئے جانے کی تقریب میں خلل ڈالنے کی وجہ سے پچھلے ہفتے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

پیرس کے مئیر نے بھی کہا ہے کہ وہ آج شہر میں ایک بہت بڑا بینر آیزاں کریں گے جس پر یہ لکھا ہوگا کہ ’پیرس دنیا بھر میں انسانی حقوق کا دفاع کرتا ہے۔

 

متعلقہ تحریریں:

 چین نے دفاعی بجٹ میں 17.6 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا